پشاور: پاکستان میں ہاکی کھیل کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے ہونے والے اقدامات میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے حمزہ طفیل کو ترقی دے کر انٹرنیشنل ٹیکنیکل آفیشلز کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے وہ عالمی سطح پر پاکستان کے تیسرے اور خیبر پختون خوا کے پہلے ٹیکنیکل آفیشل ہوں گے جنہیں انٹرنیشنل پینل میں شامل کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل ٹیکنیکل کمیٹی نے حمزہ طفیل کو ترقی دے کر انٹرنیشنل پینل میں شامل کر لیا ہے۔ صدر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے توقع ظاہر کی ہے کہ حمزہ طفیل بین الاقوامی ہاکی مقابلوں میں اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ قبل ازیں 2015 میں حسن اختر رسول اور 2023 میں ضیا الدین برکی کو انٹرنیشنل پینل میں ترقی دی گئی تھی تھی۔ گذشتہ دس برسوں میں وہ تیسرے پاکستانی جبکہ خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے پہلے ٹیکنیکل آفیشل ہیں جنہیں انٹرنیشنل پینل میں شامل کیا گیا ہے۔ حمزہ طفیل ہاکی کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ٹیکنیکل آفیشل کے طور خدمات کی انجام دہی کا سلسلہ مئی 2024 میں ملائشیا میں منعقد ہونے والے سلطان ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے کیا جہاں ان کی کارکردگی بہترین رہی جس کے باعث انہیں دوبارہ جولائی 2025 میں چین میں منعقد ہونے والے انڈر 18 ایشین کپ کے لئے منتخب کیا گیا۔ ان مقابلوں میں بھی حمزہ طفیل کی کارکردگی شاندار رہی جس کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے انہیں ٹیکنیکل آفیشلز کے انٹرنیشنل پینل میں شامل کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ دریں اثنا حمزہ طفیل نے اپنی کامیابی کومسلسل محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے پاکستان ہاکی باالخصوص خیبر پختون خوا میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ حمزہ طفیل نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل ہاکی امپائر اور انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کی امپائرنگ کمیٹی کے رکن فیض محمد فیضی کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو تیکنیکی شعبوں میں پاکستان کے نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے قابل زکر خدمات انجام دے رہے ہیں۔