ہمایون خان
پشاور: ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا جس کا رنگا رنگ تقریب پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی،گالا میں 100 سے زائد خواجہ سرا اور پست قامت افراد نے شرکت کی۔

ٹرانس جینڈر اسپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ، فٹسال، میوزیکل چیئر، بوری ریس، رسہ کشی اور آرچری کے مقابلے شامل ہیں۔ مقابلوں میں مجموعی طور پر فرزانہ گروپ پہلی جبکہ آرزو گروپ نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی، تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس محمد آصف خان تھے اس موقع پر ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر، ڈائریکٹر ضم اضلاع عمر ارشد، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ فیصل سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس و امور نوجوانان محمد آصف خان نے کہا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد انہیں یہ باور کرانا ہے کہ وہ بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور اس طرح کی سرگرمیوں میں شرکت ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹرانس جینڈر اسپورٹس گالا ہر سال منعقد کیا جائے گا تاکہ خواجہ سرا افراد کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے سال کے آغاز سے ہی صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور نوجوانوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پی ایس ایل میچز کے انعقاد کے لیے تیار ہے اور امید ہے کہ اس سال یہاں میچز منعقد ہوں گے۔

مقابلوں کے مطابق فٹسال کا فائنل آرزو ٹیم نے جیت لیا جبکہ فرزانہ کی ٹیم رنر آپ رہی،بوری ریس میں عجوا نے پہلی، زونی نے دوسری جبکہ نایاب گل نے تیسری پوزیشن حاصل کی،خوراک کی کمپٹیشن مسکان نے جیت لیا،کون ریس میں شائی کو کو نے پہلی،مسکان نے دوسری اور نعمان نے تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی،میوزیکل چیئر شائستہ گل نے جیت لیا


اسی طرح آرچری کے ایونٹ میں مایہ نے پہلی جبکہ کاشی نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی،رسہ کشی زرداد بلبل نے جیت لی،خوجہ سرا پچاس میٹر ریس میں معنی نے گولڈ،ملائیکہ نے سلور جبکہ عجوا نے براونز میڈل حاصل کرلی،


جبکہ پست قامت افراد کی ریس میں لقمان نے گولڈ،عثمان نے سلور جبکہ نور نے براؤنز میڈل حاصل کرلی۔