پشاور (سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام ٹرانسجنڈر سپورٹس فیسٹیول آج 14فروری کو پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ جس میں آرچری، رسہ کشی، میوزیکل چئیر، پچاس اور سو میٹر ریس، فٹسال، بوری ریس، کرکٹ اور کھانے کے مقابلے شامل ہیں۔ ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام مقابلوں میں مختلف شہروں سے ٹرانسجنڈر ان مقابلوں میں شریک ہونگے۔ کھیلوں کے مقابلے دوپہر 2بجے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہونگے۔ صوبائی محکمہ کھیل کے زیرِ اہتمام خواجہ سرا کمیونٹی کو صحت مندانہ تفریح فراہم کرنے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے ایک پروقار” خواجہ سرا سپورٹس گالا” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے تمام تر انتظامات اور تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سپورٹس گالا کا مقصد خواجہ سرا برادری کو کھیلوں کے میدان میں مواقع فراہم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ۔محکمہ کھیل کے حکام کے مطابق وینیو کی سجاوٹ، کھلاڑیوں کی رجسٹریشن اور سیکیورٹی کے حوالے سے تمام مراحل طے پا چکے ہیں۔ ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کا مقصد خواجہ سرا میں چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں یہ احساس دلانا ہے کہ وہ بھی معاشرے کے برابر کا حصہ ہیں۔ اسپورٹس گالا سے نہ صرف انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا بلکہ ان کی ذہنی اور جسمانی نشوونما میں بھی مدد ملے گی۔