وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے میگا ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا
انڈر 21 گیمز میں 7 ریجنز اور 36 اضلاع کے 5 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شریک، ڈی جی سپورٹس
پشاور: خیبرپختونخوا کا میگا سپورٹس ایونٹ انڈر 21 گیمز پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب کے ساتھ شروع ہو گیا افتتاحی تقریب میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا جبکہ صوبے کے مختلف علاقوں کے روایتی رقص بھی پیش کیے گئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے انڈر 21 گیمز کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید فخر جہان، مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند، سیکرٹری سپورٹس محمد آصف خان، ڈپٹی کمشنر پشاور ثناءاللہ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر ،ایڈیشنل ڈی جی سپورٹس رشیدہ غزنوی ، ڈائریکٹر ضم اضلاع عمرارشد خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کے وڑن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ، انفراسٹرکچر اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال پاکستان سپر لیگ کے میچز پشاور میں منعقد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں میں بھی خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جوش و جذبے کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں، صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔اس موقع پر مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام انڈر 21 گیمز میں صوبے کے 7 ریجنز اور 36 اضلاع سے 5 ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مردوں کے لیے 38 جبکہ خواتین کے لیے 18 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

ان کے مطابق مردوں کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس، کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس اور مردان سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے، جبکہ خواتین کھلاڑیوں کے مقابلے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ، پشاور بورڈ گراو ¿نڈ اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے۔

مردوں کے کھیلوں میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، فٹبال، جمناسٹکس، تھروبال، باسکٹ بال، باکسنگ، تائیکوانڈو، ہاکی، جوڈو، ہینڈ بال، ووشو، آرچری، جوجٹسو، ٹینس، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، سنوکر، لیکروس، ٹیک بال، ماس ریسلنگ، فٹسال، کک باکسنگ، باڈی بلڈنگ، فل کانٹیکٹ کراٹے، کبڈی، میوتھائی، بیس بال، رسہ کشی، رگبی اور زورخانہ شامل ہیں۔خواتین کے کھیلوں میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، کراٹے، باسکٹ بال، تائیکوانڈو، جوڈو، ہاکی، نیٹ بال، کرکٹ، آرچری، ہینڈ بال، جوجٹسو، تھروبال، فٹسال اور سافٹ بال شامل ہیں۔
