پشاور: صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ نگرانی اور ڈویژنل ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پشاور میں انٹر کلب ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 26 جنوری سے منعقد ہوگی، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ چیمپئن شپ پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں واقع ویٹ لفٹنگ کلب میں کھیلی جائے گی اور یہ مقابلے تین دن تک جاری رہیں گے۔
اس حوالے سے صوبائی ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر شیراز محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آر ایس او پشاور کے تعاون سے اس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد صوبے بھر میں ویٹ لفٹنگ کے فروغ کے ساتھ ساتھ باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ویٹ لفٹنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم بیشتر علاقوں میں جدید ویٹ لفٹنگ سامان کی عدم دستیابی کے باعث کھلاڑیوں کو تربیت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
شیراز محمد نے انٹر کلب ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر آر ایس او پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ کھیل کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چیمپئن شپ آئندہ ماہ منعقد ہونے والے انڈر 21 گیمز کے لیے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب میں بھی معاون ثابت ہوگی اور منتخب کھلاڑی اپنی بہتر تیاری کے ساتھ صوبے کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ باقاعدگی سے مقابلوں کے انعقاد اور سہولیات کی فراہمی سے خیبرپختونخوا میں ویٹ لفٹنگ مزید ترقی کرے گی اور صوبہ قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا۔