ستایٗس سال بعد پشاور میں قومی چیمپئن شپ کا انعقاد، صوبے کے کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع ہے: صداقت شاہ
پشاور( سپورٹس رپورٹر) 62 ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ یکم فروری سے پشاور میں شروع ہوگی جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں 27 سال بعد پشاور میں قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور براق بلڈرز کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے چیمپئن شپ کے مقابلے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ٹریننگ اینڈ کوچنگ سینٹر پشاور میں کھیلے جائیں گے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری میاں صداقت شاہ اور سی ای او براق بلڈرز علی حیدر بابا خیل نے کہا کہ طویل عرصے بعد پشاور میں بیڈمنٹن کے قومی مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جسے کامیاب بنانے کے لیے تمام سہولیات بروئے کار لائی جائیں گی اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے برانڈ ایمبیسڈر معروف گلوکارہ سحر خان اور صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مسعود خان بھی موجود تھے۔میاں صداقت شاہ نے بتایا کہ 62 ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں پاک آرمی، واپڈا، پولیس، پاکستان ایئر فورس، ریلوے، ایچ ای سی سمیت سندھ، بلوچستان، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے 300 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے خیبرپختونخوا کے مراد خان اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔اس موقع پر سی ای او براق بلڈرز علی حیدر بابا خیل نے کہا کہ اس میگا سپورٹس ایونٹ کو سپانسر کرنا اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے میں کردار ادا کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے انہوں نے کہا کہ براق بلڈرز مستقبل میں بھی اس طرح کے سپورٹس ایونٹس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا ان کا کہنا تھا کہ براق بلڈرز نے ہمیشہ آرٹ، کلچر اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔واضح رہے کہ 27 سال قبل پشاور میں منعقدہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے چیمپئن واجد علی چوہدری اس وقت پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔