غنی الرحمن
پشاور: خیبرپختونخوا میں فٹبال کھیل کے فروغ اور زوال پذیر سرگرمیوں کی بحالی کیلئے ایک اہم اور حوصلہ افزا قدم اٹھاتے ہوئے پشاور میں گورنر چیلنج کپ کے نام سے فٹبال کے میگا ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل اور حتمی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا، جس کے بعد باقاعدہ تیاریاں شروع کر دی جائیں گی۔

اس حوالے سے گزشتہ روز سابق انٹرنیشنل فٹبال کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی فٹبال ٹیم کے سابق کھلاڑیوں اور فٹبال سے وابستہ ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت فٹبال کے سابق باصلاحیت کھلاڑی اور انٹرنیشنل ریفری قاضی محمد اصف نے کی۔

اجلاس میں قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان شوکت مفتی، محمد ارشد، توقیر عباس، عبدلغفور عاجز، ملک ہدایت الحق، شاہد شنواری اور چترال ایسوسی ایشن کے حسین احمد، مردان ایسوسی ایشن کے عطاء اللہ خان سمیت مردان اور صوبے کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والی فٹبال شخصیات نے شرکت کی اور فٹبال کے موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بدقسمتی سے پشاور اور خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں فٹبال کھیل گمنامی کا شکار ہو چکا ہے۔ ایک وقت تھا جب پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں کلب فٹبال انتہائی فعال تھی اور باقاعدگی سے ٹورنامنٹس منعقد ہوتے تھے، جن کی بدولت باصلاحیت کھلاڑی سامنے آتے تھے، لیکن اب صورتحال اس کے برعکس ہو چکی ہے۔

شرکاء نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور جیسے بڑے شہر میں عوامی سطح کا کوئی مناسب فٹبال گراؤنڈ موجود نہیں جہاں کھلاڑی آزادانہ طور پر پریکٹس کر سکیں یا ٹورنامنٹس منعقد کیے جا سکیں۔ اگر کہیں سہولت موجود بھی ہے تو وہاں محکمہ کھیل کی جانب سے معاوضہ وصول کیا جاتا ہے، جو کھیلوں کے فروغ کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ فٹبال سے وابستہ سابق کھلاڑیوں، کوچز اور منتظمین کو آگے آنا ہوگا تاکہ فٹبال کی سرگرمیوں کو دوبارہ منظم کیا جا سکے اور نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔
اجلاس کے اختتام پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پشاور میں گورنر چیلنج کپ کے نام سے ایک بڑا فٹبال ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا،

جس میں خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع کی ٹیموں کو شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کو شفاف، منظم اور کامیاب بنانے کیلئے ایک مضبوط آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جبکہ ایونٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ گورنر چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ صوبے میں فٹبال کی بحالی، نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے اور کھیل کے سنہرے دنوں کی واپسی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔