تقریب میں کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ، شیلڈز اور میڈلز سے نوازا کیا
غنی الرحمن

پشاور: 35ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے براونز میڈل حاصل کرنے والی خیبرپختونخوا کی خواتین کبڈی ٹیم کے اعزاز میں ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد قومی سطح پر صوبے کا نام روشن کرنے والی خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور طالبات میں کھیلوں کے فروغ کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی سٹی کالج کی پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر تھیں، جبکہ صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر ارباب نصیر احمد خان، سیکرٹری سید سلطان بری، صوبائی تھرو بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ارشد حسین، ڈائریکٹر سپورٹس نجمہ ناز قاضی اور بڑی تعداد میں طالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پر نیشنل گیمز کی میڈلسٹ خواتین کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کو خصوصی طور پر تیار کردہ شیلڈز اور میڈلز پہنائے گئے اور ان کی قومی سطح پر خدمات کو سراہا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر نے کہا کہ 35ویں نیشنل گیمز میں خیبرپختونخوا کی خواتین کبڈی کھلاڑیوں نے جس جرات، مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف لائقِ تحسین ہے بلکہ صوبے کی بیٹیوں کے حوصلے اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی اور دیگر مضبوط ڈیپارٹمنٹل و صوبائی ٹیموں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ خیبرپختونخوا کی خواتین کسی سے کم نہیں۔ اگر انہیں بہتر سہولیات، مستقل کوچنگ اور سرپرستی فراہم کی جائے تو یہ کھلاڑی مستقبل میں گولڈ میڈلز بھی جیت سکتی ہیں۔

پروفیسر رابعہ سکندر نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت کے بھی مراکز ہوتے ہیں۔ کھیل طالبات میں اعتماد، نظم و ضبط، قیادت اور صحت مند سوچ کو فروغ دیتے ہیں، اسی لیے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مواقع بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار طالبات کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار کی ڈائریکٹر سپورٹس نجمہ ناز قاضی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا مقام ہے کہ خیبرپختونخوا کی خواتین کبڈی ٹیم نے نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ جس میں زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق سٹی گرلزڈگری کالج سے ہے ،انہوں نے کہا کہ طالبات میں کھیلوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اگر انہیں اعتماد، رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ ہر میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ طالبات اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ کالج انتظامیہ کی جانب سے کھلاڑیوں کےاعزاز میں منعقدہ یہ تقریب خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا ،

صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر ارباب نصیر احمد خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین کبڈی ٹیم کی کامیابی کئی سالوں کی محنت، قربانی اور مستقل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کھلاڑیوں نے نیشنل گیمز میں شاندار کھیل پیش کیا جو صوبے کیلئے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر کالجز اور یونیورسٹیز کھیلوں میں اپنا کردار ادا کریں تو نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکتا ہے۔
ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید سلطان بری نے کہا کہ خواتین کبڈی کو خیبرپختونخوا میں فروغ دینا ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن کھلاڑیوں کے جذبے اور کوچز کی محنت نے یہ ثابت کر دیا کہ خواتین کسی بھی مشکل کو عبور کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن مستقبل میں خواتین کھلاڑیوں کیلئے مزید ایونٹس، کیمپس اور تربیتی مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
صوبائی تھرو بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ارشد حسین نے کہا کہ خواتین کھیلوں میں سرمایہ کاری دراصل صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی سمیت دیگر کھیلوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت خوش آئند ہے اور اس تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو شیلڈز اور میڈلز پہنائے، اور طالبات میں کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔