چترال اپر: مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخواہ تاج محمد خان ترند نے آج اپر چترال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولو کھلاڑیوں میں نقد انعامی رقوم کے چیکس تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری کھیل خیبرپختونخواہ محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل کھیل خیبرپختونخواہ تاشفین حیدر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

تقریب کے دوران مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے اپر چترال کے معروف چون پولو کھلاڑیوں میں فی کھلاڑی پانچ، پانچ لاکھ روپے کے نقد انعامات کے چیکس تقسیم کیے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر خیبرپختونخواہ کا نام روشن کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل نے کہا کہ پولو اپر چترال کی پہچان اور ثقافتی ورثہ ہے، اور صوبائی حکومت پولو سمیت روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سیکریٹری کھیل محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید سہولیات، مالی معاونت اور شفاف انعامی نظام کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑی آگے بڑھ سکیں۔
تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں اور مقامی معززین نے صوبائی حکومت اور محکمہ کھیل کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔