فیسٹول میں آئس ہاکی، اسکیئنگ، سنو بورڈنگ اور دیگر مقامی برفانی کھیل شامل ہیں، ڈی جی سپورٹس
پشاور (سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبرپختونخوا کے زیرِاہتمام وادی چترال کے بلند و بالا برف پوش پہاڑوں کے دامن میں منعقد ہونے والے “ہندوکش ونٹر اسپورٹس فیسٹیول 2026” کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دو روزہ یہ فیسٹیول 7 اور 8 جنوری 2026 کو اپر چترال کے خوبصورت علاقے ہرچن، لاسپور میں منعقد ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاو ¿نٹس شاہ فیصل بھی موجود تھے۔
ڈی جی اسپورٹس نے بتایا کہ مشیر کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند کی خصوصی ہدایات پر محکمہ کھیل خیبرپختونخوا ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے تعاون سے اس دو روزہ فیسٹیول کا انعقاد کر رہا ہے، جس کا مقصد علاقے میں سرمائی سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی ثقافت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے۔
فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند، سیکرٹری اسپورٹس، ڈپٹی کمشنر چترال محمد عمران، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اپر چترال مس شہناز، ڈی ایس او لوئر چترال خالد خان سمیت دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
فیسٹیول میں مقامی روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ برف پر کھیلے جانے والے مختلف مقابلے شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے، جن میں آئس ہاکی، اسکیئنگ، سنو بورڈنگ اور دیگر مقامی برفانی کھیل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چترال کے روایتی رقص اور لوک موسیقی کی محافل کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو سرد موسم میں ثقافتی رنگ بکھیر دیں گی۔
فیسٹیول میں چترالی پٹی، کڑھائی والے ملبوسات، مقامی دستکاریوں کے اسٹالز کے ساتھ ساتھ روایتی کھانوں کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق فیسٹیول کا بنیادی مقصد اپر چترال کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ شدید سرد موسم کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، جس کے پیشِ نظر سڑکوں کی بحالی اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مقامی عمائدین نے اس ایونٹ کو علاقے کی معیشت اور ثقافت کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔