ہمایون خان
پشاور: خیبر پختونخوا کی مٹی کی پہچان، ہمت اور بہادری کا نشان “پولو” ایک بار پھر اپنے پورے جاہ و جلال کے ساتھ واپس آ رہا ہے۔ صوبے کے سب سے بڑے اور سنسنی خیز کھیلوں کے مقابلے “خیبر پختونخوا پولو گولڈ کپ 2026” کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس نے شائقینِ کھیل کے دلوں میں جوش و خروش میں مزید کردیا ہے۔
پولو، جسے “کھیلوں کا بادشاہ اور بادشاہوں کا کھیل” کہا جاتا ہے، خیبر پختونخوا کی ثقافت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سال کا گولڈ کپ نہ صرف ایک ٹورنامنٹ ہے بلکہ یہ ہماری قدیم روایات اور گھڑ سواری کی اعلیٰ مہارتوں کا شاندار مظاہرہ ہوگا۔ میدان میں جب گھوڑوں کے سموں کی دھمک گونجے گی اور کھلاڑیوں کے میلٹس (Mallets) ٹکرائیں گے، تو شائقین کو ایک مسحور کن منظر دیکھنے کو ملے گا۔ ملک بھر سے بہترین پولو ٹیمیں اور نامور کھلاڑی اس اعزاز کو اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
پشاور کے تاریخی پولو گراؤنڈ میں تماشائیوں کے لیے روایتی موسیقی، ڈھول کی تھاپ اور پختون ثقافت کے رنگ بکھیرے جائیں گے۔
یہ ایونٹ نہ صرف مقامی سیاحت کو فروغ دے گا بلکہ نوجوان نسل کو اپنے ورثے سے جوڑنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ “خیبر پختونخوا پولو گولڈ کپ 2026 کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ہمارا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پختونوں کی سرزمین امن، محبت اور کھیلوں سے لگاؤ رکھنے والی سرزمین ہے۔”
گولڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی کس کے نام ہوگی؟ اس کا فیصلہ تو میدانِ میں ہوگا-