چترال: وادی چترال کے بلند و بالا برف پوش پہاڑوں کے دامن میں “ہندوکش ونٹر فیسٹیول 2026” کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ دو روزہ میلہ 6 اور 7 جنوری 2026 کو اپر چترال کے خوبصورت مقام ‘پرواک’ میں منعقد ہوگا، جس کا مقصد علاقے میں سرمائی سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی ثقافت کو دنیا بھر میں روشناس کروانا ہے۔
منفرد ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں: اس میلے میں مقامی روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ برف پر کھیلے جانے والے مختلف مقابلے بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق فیسٹیول میں اسکیئنگ (Skiing)، سنو بورڈنگ اور مقامی برفانی کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں چترال کے روایتی رقص اور لوک موسیقی کی محافل جو کڑکتی سردی میں گرمجوشی پیدا کریں گی۔ چترالی پٹی، کڑھائی والے ملبوسات اور دیگر دستکاریوں کے اسٹالز کے ساتھ ساتھ راویتی کھانوں کے سٹال بھی فیسٹیول میں شامل ہیں
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیسٹیول کا مقصد اپر چترال کی سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ موسمِ سرما کی شدت کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، جس کے لیے سڑکوں کی بحالی اور سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مقامی عمائدین نے اس ایونٹ کو علاقے کی معیشت اور ثقافت کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔
تفصیلست کے مطابق یہ فیسٹیول پرواک، اپر چترال میں منعقد ہو رہا ہے، جہاں کی قدرتی خوبصورتی اور برف سے ڈھکے نظارے سیاحوں کو مسحور کر دیں گے۔ منتظمین نے ملک بھر سے سیاحوں کو دعوت دی ہے کہ وہ آئیں اور ہندوکش کے دل میں موسمِ سرما کے اس جادوئی تجربے کا حصہ بنیں.