پشاور: پشاور میں منعقدہ صوبائی انٹر ڈویژنل سکولز سپورٹس گالا کے سنسنی خیز ٹیبل ٹینس مقابلوں میں مالاکنڈ ڈویژن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا، جبکہ پشاور ڈویژن نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ صوبائی محکمۂ تعلیم کے زیرِ انتظام کھیلوں کے فروغ کے لیے ہرسال کی طرح رواں سال بھی صوبائی سطح پر انٹر ڈویژنل سکولز سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے بھر سے مختلف ڈویژنوں کے طلبہ کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔

گالا کے دوران ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، اسکواش، والی بال، ہاکی، تائیکوانڈو، رسہ کشی، فٹبال اور ایتھلیٹکس سمیت متعدد کھیلوں کے مقابلے جوش و خروش سے کھیلے گئے۔قیوم سٹیڈیم پشاور میں ہونے والے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں مالاکنڈ ڈویژن اور پشاور ڈویژن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ فائنل میچ میں مالاکنڈ ڈویژن کی نمائندگی المدینہ پبلک سکول سوات کے طلبہ نور خان اور حنان نے کی

جبکہ پشاور ڈویژن کی جانب سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول حیات آباد کے کھلاڑی نعمان، سعد اور مصطفیٰ میدان میں اترے۔ فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، تاہم مالاکنڈ ڈویژن کے کھلاڑیوں نور خان اور حنان نے بہترین مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور ڈویژن کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی اکبر زمان، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول حیات آباد تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر جانس خان، حفیظ الرحمن، تسبیح اللہ اور عظمت حیات بھی موجود تھے۔ شرکاء اور اساتذہ نے گالا کو طلبہ میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔