پشاور(سپورٹس رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے ”ایڈاپٹ اے پلیئر وژن کے تحت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے انڈر 19 اسکواش چیمپئن مہوش علی کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اسپانسر شپ کا چیک پیش کیا۔ یہ انعام گورنر ہاوس پشاور میں منعقدہ پہلے گورنر کسان ایوارڈ کے دوران پیش کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے مہوش علی کو سٹیج پر بلا کر چیک ان کے حوالے کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مہوش علی پاکستان سکواش کا ایک ابھرتا ہوا نام ہیں جنہوں نے انتہائی کم عمری میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ مہوش علی نے اب تک ملکی اور بین الاقوامی سطح پر 28گولڈ میڈل حاصل کیے۔ وہ انڈر 19کیٹیگری میں صفِ اول کی کھلاڑی تسلیم کی جاتی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ملک کا اثاثہ ہیں۔ ‘ایڈاپٹ اے پلیئر’ پروگرام کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ وسائل کی کمی کی فکر کیے بغیر بین الاقوامی میدانوں میں پاکستان کا جھنڈا بلند کر سکیں۔ ”انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور گورنر ہاوس نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات اور سرپرستی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ مہوش علی نے اس حوصلہ افزائی پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں مزید محنت کر کے ملک کے لیے مزید اعزازات جیتیں گی۔