مسٹر خیبرپختونخوا اور مسٹر پشاور سمیت مختلف کٹیگری میں مقابلے ہونگے:ہارون خان
پشاور: (ہمایون خان سپورٹس/کلچر رپورٹر) خیبر پختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام صوبے میں تن سازی کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے ایک شاندار اور میگا باڈی بلڈنگ ایونٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جو بروز پیر 26جنوری 2026ء کو نشتر ہال پشاور میں منعقد ہوگا۔ یہ ایونٹ ہر سال کی طرح اس بار بھی سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھنا ہے۔

اس حوالے سے خیبر پختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ہارون خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس میگا ایونٹ میں صوبے بھر سے باڈی بلڈنگ اور فزیک کے باصلاحیت کھلاڑی شرکت کریں گے۔جبکہ مقابلوں کا انعقاد جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مقابلوں میں جونیئر مسٹر پشاور، مسٹر پشاور، جونیئر مسٹر خیبر پختونخوا، مسٹر خیبر پختونخوا کے ساتھ ساتھ باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک کانٹیسٹ بھی شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ اے پی ایس باڈی بلڈنگ میموریل چیمپئن شپ 2026 ئبھی انہی مقابلوں کا حصہ ہوںگی جو شہدائے اے پی ایس کے نام سے ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ہارون خان نے کہا کہ یہ ایونٹ نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گا بلکہ صوبے میں صحت مند سرگرمیوں اور باڈی بلڈنگ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن ہر سال کی طرح اس بار بھی شہدائے اے پی ایس کی یاد میں اس ایونٹ کے انعقاد کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے تمام معزز عوام، باڈی بلڈنگ کے شائقین، کوچز اور کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ 26جنوری 2026ء بروز پیر نشتر ہال پشاور میں بروقت تشریف لا کر اس شاندار اور بامقصد ایونٹ کو کامیاب بنائیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔