پشاور: جونیئر سکواش پلیئر مہوش علی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ میں کھیلوں کے فروغ بالخصوص سکواش کے میدان میں پاکستان اور صوبہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سکواش کے میدان میں پاکستان اور ہمارے صوبہ کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہمارے نوجوان اب بھی باصلاحیت ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انکی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے سکواش میں صوبہ کی باصلاحیت خاتون کھلاڑیوں کو صوبہ کا روشن امیج بلند کرنے کے حوالہ سے صوبہ کا سفیر قرار دیتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مہوش علی نے پہلے گورنر سپورٹس ایوارڈ کے انعقاد پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو خراج تحسین پیش کیا اور انکے اس اقدام کو صوبہ میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیئے لائق ستائش قرار دیا۔