نیشنل گیمز 2025،ٹیبل ٹینس مردوں کے ڈبلز میں خیبر پختونخوا کا گولڈ میڈل ٹیبل ٹینس سمیت دیگر کھیلوں میں بھی صوبے کے کھلاڑی مزید میڈلز جیت کر خیبر پختونخوا کا نام روشن کریں گے: تاشفین حیدر
ہمایون خان
پشاور: 35ویں نیشنل گیمز میں خیبرپختونخوا کے بیڈمنٹن کھلاڑی مراد علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ کوارٹر فائنل میں مراد علی نے پاکستان آرمی کے راجہ حیدر کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دی۔ مراد علی کی کامیابی کو محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اہم فتح میں کوچز ندیم خان، حیات اللہ اور بشریٰ کی رہنمائی اور تربیت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ جنہوں نے کھلاڑی کی بھرپور رہنمائی کی۔ خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری میاں صداقت شاہ کی جانب سے بھی مکمل سپورٹ فراہم کی گئی، جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے مراد علی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے فائنل میں بھی شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔

دوسری طرف خیبرپختونخوا خواتین ہینڈ بال ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ہینڈ بال کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ کو 22-02 سے شکست دے دی اور سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ میچ کے دوران خیبرپختونخوا کی لڑکیوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ کوچ اور آفیشلز نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے محنت، ڈسپلن اور جذبے کے ساتھ کھیل پیش کیا جس کا نتیجہ فیصلہ کن فتح کی صورت میں نکلا۔ ٹیم سیمی فائنل میں بہتر پرفارمنس کریگی۔

خیبر پختونخوا کے کھلاڑی کامیابیاں سر کرتے ہوئے نیشنل گیمز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اسی طرح کامیابیاں سمیٹتے ہوئے ٹیبل ٹینس مردوں کے ڈبلز میں خیبر پختونخوا نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ٹیبل ٹینس کے مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں خیبر پختونخوا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ فائنل میں خیبر پختونخوا کے فہد خواجہ اور عثمان خلیل کی جوڑی نے آرمی کے ابدال اور احمد تاجک کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے ۔خیبر پختونخوا کی ٹیم کے ہمراہ منیجر و صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر کفایت اللہ اور کوچ ابصار علی کی خدمات بھی قابل تحسین ہے اس موقع پر ڈپٹی چیف ڈی مشن رحمت گل آفریدی اور ریجنل اسپورٹس آفیسر کاشف فرحان بھی موجود تھے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر نے گولڈ میڈل جیتنے پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیبل ٹینس سمیت دیگر کھیلوں میں بھی صوبے کے کھلاڑی مزید میڈلز جیت کر خیبر پختونخوا کا نام روشن کریں گے۔

آرچری فیڈریشن میں آرمی، واپڈا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری برقرار رکھی۔ پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ ان مقابلوں میں ملک بھر سے مرد و خواتین کھلاڑی شریک ہیں۔ افتتاحی روز مختلف کیٹگریز میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے جبکہ چند مقابلے سنسنی خیز مرحلے تک پہنچ گئے۔ اس موقع پر پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر کرنل صدف اور سیکرٹری ذوالفقار بٹ،آرمی سپورٹس بورڈ کے ہیڈ کرنل حمدانی،سندھ آرچری ایسوسی ایشن کے آرگنائزنگ سیکرٹری اعجاز ،بلوچستان آرچری ایسوسی ایشن کے صدرعطااللہ خیبرپختونخوا آرچری ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری سارہ خان ،، ڈپٹی چیف ڈی مشن رحمت گل آفریدی ، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان بھی موجود تھے ۔

نیشنل گیمز میں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے IFBB مسٹر پاکستان اولمپک باڈی بلڈنگ مقابلوں 2025 ء میں پاک واپڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 156 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔ واپڈا کے کھلاڑیوں نے 8 گولڈ، 6 سلور اور 4 برانز میڈلز جیت کر میدان مار لیا۔ محمد یاسین نے مسٹر پاکستان اولمپک باڈی بلڈنگ ٹائٹل اپنے نام کرلی مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل و صدر پاکستان واپڈا سپورٹس بورڈ امداد اللہ میمن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

اس موقع پر پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر طارق پرویز ، ڈپٹی چیف ڈی مشن رحمت گل آفریدی ، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان ،محمد شیرازسمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ پاک آرمی نے 34 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ خیبرپختونخوا نے 30 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی خیبرپختونخوا نے ایک گولڈایک سلور اوردو برانز میڈل اپنے نام کئے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے شاہد خان نے85 کلوگرام میں گولڈ، الیاس خالد نے 60 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں سلورمیڈل ،65 کلوگرام ویٹ میں حمزہ خان اور90 کلوگرام میں حلید نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔