اسلام آباد: پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے انٹرنیشنل مانٹین ڈے 2025 ء کی تقریبات میں شمولیت اختیار کی اور گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں واقع کلائمبنگ وال میں (سپورٹس کلائمبنگ)کے ایک شاندار ایونٹ کی میزبانی کی۔

اس موقع پر پی ایس بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ جبکہ سفارت خانہ جاپان کے فرسٹ سیکرٹری مسٹر نوبوکونی شنوہارا بھی ان کے ہمراہ تھے۔مہمانوں کا استقبال پاکستان کے الپائن کلب کے سینئر نائب صدر کرار حیدری اور پاکستان سپورٹ کلائمبنگ ٹیم کے کنوینر اور ہیڈ کوچ نجیب خٹک نے کیا۔

پی ایس بی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں ایڈونچر سپورٹس، سپورٹس کلائمبنگ اور کوہ پیمائی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ بورڈ نوجوانوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے اور ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فعال اقدامات کر رہا ہے۔ یہ ایونٹ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد ایڈونچر اور صحت مند طرز زندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔