سپورٹس رپورٹر
کراچی: پاکستان آرمی کی باصلاحیت تیراک بسمہ خان نے کراچی میں جاری 35ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو مزید گولڈ میڈل جیت کر اپنی ٹیم کی میڈل ٹیبل پر برتری کو مزید مضبوط کر دیا۔ بسمہ خان کی یہ غیر معمولی کارکردگی ان کے شعبے میں آرمی کے غلبے کی واضح علامت ہے۔ سوئمنگ میں بسمہ خان کی کامیابی نے نہ صرف ان کی ذاتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ پاکستان آرمی کو بھی پوائنٹس ٹیبل پر مزید مظبوط کیا۔ بسمہ خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 میٹر انفرادی میڈلے میں پہلا گولڈ میڈل جیتا۔ ان کی تکنیک اور فِٹنس کو حاضرین اور مقابل حریفوں نے خوب سراہا۔ جبکہ دوسرا گولڈ انہوں نے 100 میٹر بٹر فلائی کے انتہائی مسابقتی ایونٹ میں حاصل کیا جہاں انہوں نے شروع سے آخر تک اپنی سبقت برقرار رکھی اور ایک واضح مارجن سے فنش لائن کو عبور کیا۔ آرمی ٹیم کی حوصلہ افزائی بسمہ خان کی یہ دوہری کامیابی آرمی کے کیمپ میں خوشی کا باعث بنی اور ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے۔ ٹیم انتظامیہ نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے مستقبل کی ایک بڑی امید ہیں۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان آرمی نے میڈل ٹیبل پر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے ۔