مخالف کو ناک آؤٹ کرکے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، خیبرپختونخوا باکسنگ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی
کراچی: (سپورٹس رپورٹر )35ویں نیشنل گیمز کے سلسلے میں جاری باکسنگ مقابلوں میں خیبرپختونخوا کے باصلاحیت باکسر محمد عامر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں آزاد کشمیر کے کھلاڑی کو ناقابلِ یقین ناک آؤٹ شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ 55 کلوگرام کیٹگری میں ہونے والا یہ مقابلہ نیشنل گیمز کے باکسنگ ایونٹ کا سب سے دلچسپ اور یکطرفہ مقابلہ ثابت ہوا۔
محمد عامر نے آغاز سے ہی جارحانہ حکمتِ عملی اپنائے رکھی اور اپنے مضبوط پنچز اور بہترین فٹ ورک کے ذریعے مخالف کھلاڑی کو دباؤ میں رکھا۔ مقابلے کے دوسرے راؤنڈ میں لگایا گیا فیصلہ کن پنچ آزاد کشمیر کے باکسر کو مکمل طور پر بے بس کرگیا اور ریفری نے محمد عامر کو ناک آؤٹ وِنر قرار دیا۔
اس شاندار کامیابی پر صوبائی باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خضر اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا باکسنگ ٹیم کے لیے پہلی بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ ہمارے کھلاڑی وکٹری اسٹینڈ تک رسائی حاصل کریں گے۔ ٹیم انتہائی باصلاحیت نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور محمد عامر کی جیت ہماری ٹیم کے حوصلے مزید بلند کرے گی۔ انشاء اللہ مزید اچھی خبریں بھی جلد ملیں گی۔
باکسنگ شائقین اور ٹیم آفیشلز نے بھی محمد عامر کی کامیابی کو ٹیم کے لیے نیک شگون قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا کے باکسرز نیشنل گیمز میں بہترین کارکردگی دکھا کر صوبے کا نام روشن کریں گے۔