ایبٹ آباد: (سپورٹس رپورٹر) ہزارہ لیکروس ایسوسی ایشن نے ایبٹ آباد کے کنج گراونڈ میں کامیابی کے ساتھ انڈر 21 لیکروس ٹرائلز کا انعقاد مکمل کر لیا ہے۔ ٹرائلز میں ہزارہ ریجن کے نوجوان کھلاڑیوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔اور لیکروس کے کھیل میں اپنی صلاحیتوں، جذبے اور بڑھتی ہوئی دلچسپی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔یہ ٹرائلز ہزارہ لیکروس ڈویژن کے صدر طاہر محمود کی نگرانی میں منعقد کیے گئے

جبکہ بین الاقوامی لیکروس کھلاڑی مقدست طارق اور مومنہ طارق نے بھی شرکا ء کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔ہزارہ لیکروس ایسوسی ایشن تمام کھلاڑیوں، کوچز اور حامیوں کا ان کی فعال شمولیت پر شکریہ ادا کرتی ہے۔

منتخب کھلاڑیوں کو جلد ہی مطلع کیا جائے گا اور وہ آئندہ صوبائی اور قومی لیکروس ایونٹس میں ہزارہ ریجن کی نمائندگی کریں گے۔ ایسوسی ایشن گراس روٹ کی سطح پر لیکروس کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو اس تیزی سے بڑھتے ہوئے کھیل میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔