کراچی: کراچی تقریبا 18 سال بعد پاکستان کے سب سے بڑے ملٹی سپورٹس ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے ۔ 35ویں نیشنل گیمز کا باضابطہ طور پر 6 دسمبر سے آغاز ہوا۔ کراچی انتظامیہ 23 مقامات پر ایک ہفتے تک جاری رہنے والے کھیلوں کے ہزاروں کھلاڑیوں، حکام، طلبا ء اور تماشائیوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے شرکت کی۔ سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل گیمز 2025 کا باضابطہ افتتاح کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے تمام حصہ لینے والے کھلاڑیوں خوش آمدید کہا اور نوجوانوں کو “ملک کا مستقبل” قرار دیا اور اتحاد اور ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی بھرپور مہمان نوازی کی یقین دہانی کرائی ۔سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے ایونٹ کی میزبانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبے کے لیے اعزاز قرار دیا اور ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔اولمپیئن ارشد ندیم نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 35ویں نیشنل گیمز پاکستان 2025 کا باضابطہ آغاز کرنے کے لیے مشعل روشن کی۔

نیشنل گیمز جو 1948 سے وقفے وقفے سے منعقد ہوتے ہیں پاکستان کا سب سے بڑا کثیر کھیل مقابلہ ہے جس میں اولمپک کے دونوں شعبوں جیسے ایتھلیٹکس، تیراکی، جمناسٹک، اور فینسنگ کے ساتھ ساتھ کبڈی، نیٹ بال، ٹگ آف وار، اور باکسنگ جیسے مقبول قومی کھیل شامل ہیں۔ فٹ بال، ہاکی، باسکٹ بال، رگبی، اور والی بال جیسے ٹیم کھیلوں سے بھی شہر بھر میں بڑے ہجوم کی توقع کی جاتی ہے۔

پاکستان بھر کے شائقین کے لیے پی ٹی وی سپورٹس افتتاحی تقریب، بڑے فائنلز اور روزانہ کی جھلکیوں کی براہ راست کوریج فراہم کرے گا۔ہفتہ بھر جاری رہنے والا یہ میلہ 13 دسمبر تک جاری رہے گا جس کا اختتام نیشنل اسٹیڈیم میں ایک شاندار اختتامی تقریب پر ہوگا جس میں وزیراعظم پاکستان کی شرکت متوقع ہے۔