پشاور : گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں انٹر کالجز خواتین سپورٹس گالا کے تحت ٹیبل ٹینس مقابلے شروع ہوگئے ۔ افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی کالج کی پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر تھیں جنہوں نے مقابلوں کا افتتاح کیا، جبکہ اس موقع پر سپورٹس گالا کی ٹرافی کی بھی شاندار رونمائی کی گئی۔اس موقع پر سٹی گرلز کالج گلبہار میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنمنٹ کالج پشاور کے اسسٹنٹ پروفیسر ارشد حسین، گرلز کالج نحقی کی سپورٹس ڈائریکٹر سعدیہ گل، باچا خان گرلز کالج کی افشین گل، گلشنِ رحمان کالج کی ہما طارق، فرنٹیئر کالج کی صدف شیر سمیت مختلف کالجز کی لیکچررز اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام جاری اس سپورٹس گالا میں تھرو بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں منعقد کیے جارہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر رابعہ سکندر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف طلبہ کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو جِلا بخشتے ہیں بلکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ماضی کے مقابلے میں آج ہسپتالوں میں مریضوں کا رش زیادہ ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ ہماری روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمیاں کم ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی طرف دوبارہ رجحان بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو ایک متوازن، صحت مند اور مثبت ماحول فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے شریک مہمانوں اور اساتذہ نے طالبات کی کھیلوں میں دلچسپی کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں خواتین کے لیے اس طرح کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔