گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گل باچا جی کی عظمی عبد الرحمن نے قرآت کی ٹرافی اپنے نام کر لی
پشاور (ہمایون خان سپورٹس /کلچر رپورٹر) گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گل باچا جی میں قرآت کے مقابلوں کی اختتامی تقریب نہایت روح پرور اور پرجوش ماحول میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ ثروت منیر جنرل سیکرٹری بزمِ ادب و سپورٹس تھیں۔ جبکہ ان کے ہمراہ محترمہ ارم عبرین، ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گل باچا جی و فنانس سیکرٹری بزمِ ادب و سپورٹس بھی موجود تھیں۔ تقریب کے سٹیج کے فرائض صدف العین، معلمات عائشہ، ارم اور صائمہ نے بخوبی انجام دیئے، جنہوں نے نظامت میں بہترین مہارت کا مظاہرہ کیا۔اس مقابلے میں 17 مختلف سکولوں کی باصلاحیت طالبات نے شرکت کی اور اپنی خوش الحانی اور تلاوتِ کلامِ پاک سے سامعین کے دل جیت لیے۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گل باچا جی کی عظمی عبد الرحمن نے پہلا مقام حاصل کیا جبکہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گھڑی چراغ دین کی کشف بسم اللہ اور گورنمنٹ گرلز مڈل سکول دارمنگی کی زینب بی بی نے مشترکہ طور پر دوسرا مقام حاصل کیا۔ تیسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گلبہار کی نفیسہ زمرد اور گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کینٹ نمبر 1 صدر کی طیبہ نے اپنے نام کی۔ مہمانِ خصوصی ثروت منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت سے دلوں کو سکون اور زبان کو پاکیزگی حاصل ہوتی ہے اور یہ مقابلے طلبات میں دینی وابستگی، خود اعتمادی اور محنت کا جذبہ بیدار کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام پوزیشن ہولڈرز اور شریک طالبات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات بھی تقسیم کیے۔ اسی سلسلے میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکولز (GGMS) کے زیرِ اہتمام سالانہ اسپورٹس گالا کے دوران ٹیبل ٹینس سنگلز مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔ ان مقابلوں میں مختلف سکولوں کی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔نتائج کے مطابق گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کریم پورہ نمبر 1نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کینٹ نمبر 1نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ جبکہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول جہانگیر پورہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمانانِ گرامی نے کھلاڑیوں کو انکی بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ کھیل تعلیمی سرگرمیوں کا لازمی حصہ ہیں جو طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قیادت کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔ اختتامی لمحات میں اساتذہ اور طالبات نے کامیاب پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں پرجوش نعرے لگائے اور دعا کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی اسی جوش و خروش سے جاری رہے۔GGMSکی سالانہ اسپورٹس سرگرمیاں جاری ہیں جن میں اگلے مرحلے میں بیڈمنٹن، رسہ کشی، اور ایتھلیٹکس کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوں گے۔