اصغرعلی مبارک
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے کیپیٹل پریمیئر لیگ کے وفد نے گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور خواہش ہے کہ کیپیٹل پریمیئر لیگ کا انعقاد پشاور میں کیا جائے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے زیادہ مواقع ملیں۔ انہوں نے کیپیٹل پریمیئر لیگ کے انعقاد کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاس اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ گورنر نے اس موقع پر وفد کے اقدام کو سراہا اور نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا۔ سی ای او کیپیٹل پریمئیر لیگ آفتاب نئیر صدیقی، سی او او وقار احمد خان، ڈائریکٹر مارکیٹنگ قیصر مغل اور چیف کوآرڈینیٹر میاں عابد حسین انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کی قیادت کیپیٹل پریمیئر لیگ کے صدر چوہدری ارشد علی بیگہ کررہے تھے ملاقات میں پشاور میں لیگ کے انعقاد اور کھیلوں کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے گورنر کو بتایا کہ کیپیٹل پریمیئر لیگ کے لیے آٹھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں ملک بھر کے کھلاڑی نمائندگی کریں گے۔ ٹرائلز کے دوران پورے پاکستان سے 400 سے زائد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔