
پشاور: (سپورٹس رپورٹر) گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گل باچا جی میں سپورٹس گالا 2025 ء کی افتتاحی تقریب نہایت جوش و خروش، نظم و ضبط اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں طالبات، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد افتتاحی تقریر میں ہیڈ مسٹریس و فنانس سیکرٹری محترمہ ارم عنبرین نے سپورٹس گالا کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، مثبت سوچ اور خوداعتمادی کو فروغ دیتے ہیں۔ ہماری طالبات نے ہمیشہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے ایونٹس طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔افتتاحی دن کا پہلا مقابلہ ٹیبل ٹینس کا تھا جس میں طالبات نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے شائقین کے دل جیت لیے۔ مقابلے کے اختتام پر سپورٹس گالا کی جنرل سیکرٹری محترمہ ثروت منیر نے فاتح ٹیموں کا اعلان کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ فرسٹ پوزیشن: گورنمنٹ گرلز مڈل سکول گلبہار سیکنڈ پوزیشن: مڈل سکول کینٹ نمبر و ن تھرڈ پوزیشن: مڈل سکول ڈھکی منور شاہ آخر میں فاتح ٹیموں کو داد و تحسین پیش کی گئی جبکہ دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گے۔ تقریب کا اختتام طالبات کی خوشی، جوش و جذبے اور قومی نغموں کی گونج میں کیا گیا۔