
پشاور(سپورٹس رپورٹر) پشاور بورڈ کے زیر اہتمام انٹر کالجز کرکٹ ٹورنامنٹ میں اسلامیہ کالج پشاور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کالج رنگ روڈ کو 25 رنز سے شکست دے دی۔ اسلامیہ کالج پشاور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 179 رنز بنائے۔ اسلامیہ کالج کی جانب سے انس آفریدی نے دلکش اسٹروکس کے ساتھ 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر بیٹر باسط علی نے 68 رنز کی ذمہ دارانہ باری کھیلی۔ رومان باجوڑی نے بھی 19 رنز کا اضافہ کیا۔ ہدف کالج رنگ روڈ کی جانب سے کامران نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان، نفیس اور قاسم نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ جوابی اننگز میں ہدف کالج رنگ روڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کامران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز بنائے، عاصم نے 19 اور بلال نے 15 رنز اسکور کیے۔ اسلامیہ کالج کے بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی ثنااللہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عطاالرحمان، ساجد آفریدی اور عباس نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے اختتام پر چیئرمین پشاور بورڈ مہمانِ خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس گراونڈ کے اصل وارث طلبا و طالبات ہیں۔ تمام پرنسپلز سے گزارش ہے کہ وہ اپنے اداروں میں کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کریں۔ جن اداروں کے پاس گراونڈز نہیں پشاور بورڈ کے میدان ان کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامیہ کالج نے ہمیشہ کھیلوں کے میدان میں نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں اور آج کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں پاکستان کرکٹ کا مستقبل نظر آیا۔ چیئرمین نے اسلامیہ کالج کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمدالرحمن سلجوقی، ڈائریکٹر اسپورٹس علی ہوتی، اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی، جبکہ فاتح ٹیم کے لیے 20 ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پشاور بورڈ کے کنٹرولر انعام اللہ، ڈائریکٹر سپورٹس منظر اور اسلامیہ کالج کے ڈائریکٹر سپورٹس علی ہوتی بھی موجود تھے۔