
شکیل الرحمان
پشاور: راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام تک پاکستان کی بیٹنگ روایتی سست روی کا شکار رہی پورے دن کے 91 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 259رنز بنائے۔ سعود شکیل 42 اورسلمان علی آغا 10پر آج اپنی اننگز کا آغاز کریں گے بابر اعظم ایک بارپھر بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور سولہ رنز بناکر کیشو مہاراج کا شکار بنے۔ دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کا ٹاس ایک بار پھر پاکستان کے حق میں گرا۔ شان مسعود نے جھٹ سے پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا۔ پروٹیز کیلئے سب سے اہم بات اس میچ کا دوسرا دن ہوگا کہ وہ جلد پاکستان کی بقیہ پانچ وکٹ آوٹ کرے ورنہ تیسرے اور چوتھے دن پچ کے ٹوٹنے کا امکان ہے جو جنوبی افریقہ کے لیے خطرناک ثابت ہونگے۔

شان مسعود نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں بڑی اننگ کھیل کر اپنی پوزیشن بحال کرلی ہے۔ ٹیم میں واحد تبدیلی حسن علی کی جگہ 38 سال 299 دن کے سپنر آصف آفریدی کا ڈیبیو ٹیسٹ تھا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس ہارنے پر مایوسی ظاہر کی لیکن بتایا کہ ٹیم میں 2تبدیلیاں ہیں۔ جن میں سپنر کیشو مہاراج کی انٹری بھی تھی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز اس لئے بھی پرسکون رہا۔

جنوبی افریقہ کے فیلڈرز نے پہلے اوور سمیت عبداللہ شفیق کے 2کیچز ڈراپ کردیئے۔ ساتھ میں ایک بار وہ یوں خوش قسمت بنے کہ بال وکٹوں کو لگنے کے باوجود بیلز نہ گرنے سے ناٹ آوٹ ہی رہے۔ اتنے مواقع کے باوجود جنوبی افریقہ نے پہلی وکٹ 35 کے سکور پر اس وقت حاصل کرلی جب امام الحق 17 رنزبناکر سپنر ہارمر کی بال پر کلین بولڈ ہوئے۔

شان مسعود آئے اور آج کے خوش قسمت بیٹر عبد اللہ شفیق کے ساتھ سکور کو 35 سے 146 تک لے گئے۔111 رنز کی اہم شراکت بھی یہاں ہارمر نے توڑی، جب انہوں نے عبداللہ کو کیچ کرواہی دیا۔ انہوں نے146 بالز پر 57 رنزکی اننگ کھیلی۔21 رنز کے اضافہ سے سب کی نگاہ میں رہنے والے بابر اعظم ایک بار پھر فلاپ ہوئے۔167 سکور ہوا تھا کہ وہ 16 رنزبناکر کیشو مہاراج کی بال پر ڈی زورزی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ وہ 3سال سے ٹیسٹ سنچری سے محروم چلے آرہے ہیں۔ سعود شکیل آئے تو سیٹ بیٹر شان مسعود کے ساتھ پاکستان کو ریسکیو کیا لیکن پاکستانی کپتان شان مسعود یوں بد قسمت بنے کہ ایک بار پھر سنچری سے محروم رہے۔وہ 176 بالز پر 87 رنزکر کے آئوٹ ہوئے انہوں نے 3 چھکے اور 2 چوکے لگائے ان کی وکٹ مہاراج نے لی۔

پاکستان کا سکور اس وقت 212 ہو اتھا۔246کے سکور پر محمد رضوان 19 رنزبناکر وکٹ دے گئے۔ وہ پیسر راباد کی بال پر ایل بی ہوئے۔ پاکستان نے دن بھر کے 91 اوورز میں 5 وکٹ پر 259 رنزبنائے ہیں۔سعود شکیل 42 اورسلمان علی آغا 10 پر ناقابل شکست ہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 61 اور سائم ہارپر نے 75 رنز دے کر 2،2 وکٹیں لیںاسی طرح ربادا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔