
باضابطہ افتتاح پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور کرینگے
پشاور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت پشاور میں خواتین کبڈی کے فروغ اور گراس روٹس لیول پر نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ایک خوش آئند قدم اٹھایا گیا ہے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی سرپرستی اور خیبرپختونخوا کبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار پشاور میں وویمن کبڈی اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اکیڈمی کا باضابطہ افتتاح پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور اور کالج کی پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر مشترکہ طور پر کریں گے۔

یہ فیصلہ گزشتہ روز صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید سلطان بری اور پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔ جس میں کالج کی ڈائریکٹر سپورٹس نجمہ ناز قاضی بھی شریک تھیں۔ ملاقات کے دوران خواتین کبڈی کے فروغ اور اکیڈمی کے عملی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سید سلطان بری نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ پروفیسر رابعہ سکندر کو پیش کی۔ ان کی کھیلوں کے فروغ میں دلچسپی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کبڈی اکیڈمی کے قیام سے نہ صرف پشاور بلکہ پورے صوبے میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ پروفیسر رابعہ سکندر نے اس موقع پر کہا کہ کالج میں کبڈی کے فروغ کے لیے پہلے بھی عملی اقدامات کیے گئے ہیں اور اب اکیڈمی کے قیام سے اس کھیل کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے قیام سے خواتین کھلاڑیوں کے لیے تربیت اور مقابلوں کے بہترین مواقع پیدا ہوں گے اور انشا اللہ یہاں سے نیا اور باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے آئے گا جو مستقبل میں قومی سطح پر ملک و صوبے کا نام روشن کرے گا۔ سید سلطان بری نے مزید کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی قیادت خواتین کبڈی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور یہ اکیڈمی اس سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ثابت ہوگی۔