
نوجوانوں کے لیے جامع اور پائیدار کھیلوں کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں: سیکریٹری کھیل سعادت حسن کا اجلاس سے خطاب
پشاور: (سپورٹس رپورٹر) محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا کی ڈپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈی ڈبلیو پی)کا دوسرا اجلاس سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا سعادت حسن کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی ڈبلیو پی نے مجموعی طور پر 348.864 ملین روپے کے تین اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔منظور شدہ منصوبوں میں تحصیل سطح پر پلے گرانڈ اسکیم برائے ضلع بونیر، چترال لوئر کے علاقے سفید ارکاری میں موجود فٹبال گرانڈ کی مرمت و بحالی، اور ضم شدہ اضلاع میں کھیلوں کے فروغ و استحکام کے لیے اقدامات شامل ہیں۔یہ منصوبے خصوصا پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے جن سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کمیونٹی کی سطح پر ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سعادت حسن نے کہا کہ محکمہ نوجوانوں کے لیے جامع اور پائیدار کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے کہا کہ نوجوان طبقے پر سرمایہ کاری اور انکی فلاح و بہبود صوبے کی دیرپا ترقی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر ،ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع رضی اللہ بیٹنی،محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے دیگر سینئر افسران،منصوبہ بندی سے وابستہ عملے اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔