
پشاور: خیبرپختونخوا میں گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور خواتین کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لئے ٹینس کی تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا جس کے ذریعے خواتین کھلاڑیوں کو بنیادی اصول اور جدید ٹریننگ فراہم کی جائے گی یہ بات پاکستان وومن ٹینس ایسوسی ایشن کی صدر اسماخاور خواجہ نے پشاور سپورٹس کمپلیکس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن عمر ایاز بھی موجود تھے۔

عاصمہ خواجہ نے ٹینس کورٹ میں موجود وہیل چیئر کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم کئے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے حوالے سے مفید رہنمائی بھی فراہم کی انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سالوں میں ملک بھر سے پانچ ہزار تربیت یافتہ خواتین کھلاڑی تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں کلاسز اور پریکٹیکل ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ خواتین کو کھیل کی جدت سے روشناس کرایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور سپورٹس کمپلیکس اور پاکستان ٹینس کلب پشاور میں کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی تربیتی سیشنز کا آغاز کیا جائے گا جن میں ہر عمر کی خواتین شرکت کرسکیں گی ابتدائی مرحلے میں خواتین کو کھیل کے بنیادی اصول سکھائے جائیں گے جبکہ بعد ازاں انہیں باقاعدہ ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔

اسماخاور خواجہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں خواتین کو گھروں سے نکلنے اور کھیلوں میں حصہ لینے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث زیادہ تر گیمز میں خواتین کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے تاہم اس طرح کی سرگرمیاں خواتین کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ثابت ہوں گی اور ان میں کھیلنے کا جذبہ پیدا کریں گی۔