
پشاور : صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان نے ایک اہم پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ 19سال بعد پشاور کے عوام کو کھیل کے میدان میں ایک شاندار موقع میسر آیا ہے جو نہ صرف صوبے بلکہ ملک کے لیے خوش آئند ہے۔وزیر کھیل نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے عوام دوست ویژن کے مطابق صوبائی حکومت کھیلوں کی ترویج اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے آئندہ بھی ایسے ایونٹس کا باقاعدگی سے انعقاد کرائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوان نسل کو مثبت سمت دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسی ہفتے عمران خان کرکٹ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس انسٹال کر دی جائیں گی، جس سے یہاں عالمی معیار کے میچز اور تقریبات کے انعقاد میں مزید سہولت پیدا ہوگی۔ یہاں پر دلچسپ اور خوشی کی بات یہ ہے کہ صوبائی وزیر نے یہ اعلان کیا کہ عنقریب پشاور زلمی کا دوسرا میچ اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جس میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے انٹری بالکل فری رکھی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میچ کے دوران پاکستان سپر لیگ (PSL) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے خوشگوار ملاقات بھی ہوئی اور انشا اللہ آئندہ پی ایس ایل کے میچز بھی پشاور کے اس گرانڈ میں شیڈول کیے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ اس میچ سے ایک طرف سیلاب زدگان سے یکجہتی کا پیغام گیا تو دوسری جانب شہریوں کو 19سال بعد پشاور میں کھیل کا ایک اچھا موقع ملا جس سے عوام، فیملیز اور خواتین نے بھرپور لطف اٹھایا۔ سید فخرجہان نے کرکٹ کے لیجنڈز اور موجودہ کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس میچ میں حصہ لے کر ایونٹ کو کامیاب بنایا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس میچ سے ٹکٹوں کی مد میں ایک کروڑ 77 لاکھ روپے جمع ہوئے جو آج ہی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبرپختونخوا کے اکانٹ میں جمع کرا دیے گئے ہیں تاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے استعمال ہوں۔آخر میں سید فخرجہان نے پشاور کی میڈیا کمیونٹی بالخصوص پشاور سپورٹس رائٹرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی مثبت کوریج کھیل کے فروغ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔یہ چیریٹی میچ ”کھیل سے خدمت” کے عنوان سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام عمران خان کرکٹ گرانڈ پشاور میں پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے درمیان کھیلا گیا۔