
پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان نے جمعہ کے سہ پہر عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور کا دورہ کرکے وہاں پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کے زیر اہتمام پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے درمیان ہفتے کو”کھیل سے خدمت ” کے نام سے سیلاب متاثرین سے یکجہتی و ہمدردی اور انکی بحالی کے حوالے سے کھیلے جانے والے دوستانہ چیرٹی میچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس اہم میچ میں کرکٹ کے میدان سے تعلق رکھنے والے لیجنڈز اور بڑے سٹارز و قومی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جبکہ پشاور شہر اور صوبے سے آنے والے شائقین کی بڑی تعداد میں آمد متوقع ہے۔ کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں ہفتے کے روز بھی ٹیکٹس حاصل کیئے جا سکیں گے۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر ،محکمہ سپورٹس کے دیگر افسران،پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم ، چیف آپریٹنگ آفیسر عباس لائق، ڈائریکٹر مارکیٹنگ احد اور منیجمنٹ کے دیگر حکام بھی موجود تھے صوبائی وزیر نے تمام انتظامات اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ کل اس میچ میں شائقین کھیل کی بڑی تعداد شرکت کرے گی اور طویل عرصہ بعد اس اہم گرانڈ میں کرکٹ کے شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ میچ ہمارے ان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے جو سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں واضح رہے کہ اس میچ سے حاصل ہونے والی آمدنی صوبے کے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی پر خرچ کی جائے گی۔