
پشاور: اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کردیا ازبکستان میں منعقدہ کراٹے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے سعد شاہ اور بھوٹان میں ہونے والی ایشین جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں سلور اور برانز میڈلز جیتنے والے حمد اللہ خلیل نے اسلامیہ کالج پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی سے ملاقات کی اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس اسلامیہ کالج یونیورسٹی علی ہوتی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فردوس آفریدی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی نے کہا کہ اسلامیہ کالج کو اپنے طلبہ پر فخر ہے جو قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ کالج تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس تاریخی ادارے نے کھیلوں کی دنیا میں بڑے بڑے نام پیدا کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی اسکالرشپ سے نوازا جائے گا تاکہ وہ مزید محنت کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
