
نثاراحمد
کوئٹہ: صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے میگا اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے کھیلوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے یکم ستمبر سے دوسرا آل پاکستان وزیرِاعلی بلوچستان گولڈ کپ کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ شروع کیا جائے گا جبکہ فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات بگٹی کرکٹ سٹیڈیم کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان درا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان یاسر خان بازئی، کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالمالک اچکزئی، چیئرمین محمد خیر، بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل کاکڑ اور ثنااللہ بلوچ اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ مینا مجید بلوچ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 26 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں بلوچستان کے رجسٹرڈ 18 اضلاع کی ٹیمیں اور پاکستان کے دیگر صوبوں سے 8 ٹیمیں شامل ہوں گی۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 51 میچز کھیلے جائیں گے اور اس دوران ملک کے نامور انٹرنیشنل کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا اور امن و خوشحالی کا پیغام دینا حکومت کا مقصد ہے۔اس موقع پر سیکرٹری کھیل درا بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے اس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح فٹبال گولڈ کپ کامیاب ہوا تھا اسی طرح کرکٹ گولڈ کپ کو بھی کامیاب بنایا جائے گا

انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ دن کے وقت گرمی زیادہ ہوتی ہے اس لیے اس بار ٹورنامنٹ کے میچز رات کو بھی کھیلے جائیں گے بگٹی کرکٹ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کا مسئلہ درپیش تھا جو آئندہ تین سے چار دنوں میں حل ہو جائے گا اور وہاں باقاعدہ فلڈ لائٹس نصب کی جائیں گی پریس کانفرنس کے آخر میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی اور کٹس کی رونمائی بھی کی گئی۔