
پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے مابین فلڈ ریلیف نمائشی کرکٹ میچ 30 اگست کو پشاور میں ہوگا
پشاور: صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے “فلڈ ریلیف ایگزیبیشن کرکٹ میچ” بروز ہفتہ30 اگست 2025کو دوپہر 01:30بجے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس خیرسگالی میچ میں پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک زبردست نمائشی کرکٹ میچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔میچ کا عنوان “کھیل سے خدمت” رکھا گیا ہے جو سیلاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کے عملی اظہار کا عکاس ہے۔ اس میچ کی تمام آمدنی100 فیصد حصہ براہِ راست سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ اس ایونٹ کیلئے ٹیکٹس عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور، قیوم سٹیڈیم پشاور سپورٹس کمپلیکس پشاور صدر اور حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں دیئے جارہے ہیں۔ اس اہم اقدام کے حوالے سے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ خدمت اور یکجہتی کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ میچ ہمارے ان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار ہمدردی ہے جو سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ انھوں نے شائقین کرکٹ اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس شاندار میچ میں بھرپور شرکت کر کے اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔