
سیمی فائنل میںپرتھ سکارچرز نے 48 رنز سے ہرادیا
ڈارون (آسٹریلیا) : ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سیمی فائنل میں پرتھ سکارچرز نے پاکستان شاہینز کو 48 رنز سے ہرادیا۔یہ اس سیریز میں پرتھ سکارچرز کی پاکستان شاہینز کے خلاف دوسری کامیابی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کرپرتھ سکارچرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔جواب میں پاکستان شاہینز 17 اعشاریہ ایک اوورز میں 107 رنز بناکر آٹ ہوگئی۔پرتھ سکارچرز کی اننگز میں نکولس ہابسن نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔ان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی وجہ سے سکارچرز 69 رنز پر6 وکٹیں گنوانے کے بعد 155 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ کپتان وائلی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے29 رنز بنائے۔میتھیوکیلی نے23 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے سعد مسعود نے21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ مہران ممتاز اور وسیم جونیئر نے بالترتیب 18 اور 35 رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پاکستان شاہینز کو پہلے ہی اوور میں یاسر خان کا صفر پر نقصان برداشت کرنا پڑا۔ تیسرے اوور میں معاذ صداقت 5 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ دونوں بیٹرز کو میتھیو کیلی نے آوٹ کیا۔ عبدالصمد 10، خواجہ نافع 26 اور کپتان عرفان خان 17 رنز بناکر آوٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا سکور دسویں اوور میں 5 وکٹوں پر صرف 65 رنز تھا۔کیٹن کریچل نے لگاتار تین گیندوں پر مبصرخان ۔سعد مسعود اور مہران ممتاز کو آوٹ کرکے ہیٹ ٹرک کرڈالی اور یوں پاکستان شاہینز کی 8 وکٹیں 66 رنز پر گرچکی تھیں۔ وسیم جونیئر نے3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔کیٹن کریچل نے 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔میتھیو کیلی اور برائس جیکسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔