
پشاور:ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے تن ساز شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ تھائی لینڈ میں جاری ایونٹ کے چھٹے روز پاکستان نے مزید دو سونے کے تمغے حاصل کرلیے اور یوں ایونٹ میں چوتھا میڈل پاکستان کے نام ہوگیا۔پاکستان کی جانب سے فیضان گل اور بلال احمد نے اسپورٹس فزیک کیٹگری میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کے تمغے حاصل کیے اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا۔پاکستان کے فیضان گل نے 170 سی ایم اسپورٹس فیزک کیٹگری میں طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ بلال احمد نے 180 سی ایم اسپورٹس فیزک کیٹگری میں سونے کا تمغہ جیتا۔ یاد رہے اس سے قبل اعجاز خان نے ماسٹر کیٹگری میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کو اعزاز دلایا پھر فراست علی نے 75 کلوگرام کی کیٹگری میں اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ ایشین باڈی باڈی چیمپئن شپ 25 اگست تک جاری رہے گی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ شاندار کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ باڈی بلڈنگ کے شعبے میں پاکستان کے پاس بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔