
فرحان خلیل
پشاور: پشاور کے نواحی علاقے گاؤں بادیزئی میں نوجوانوں کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر خلیل پروفیشنل باکسنگ اور فٹنس اکیڈمی کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں معزز دینی سکالر مفتی واسع اللہ قادری نے فیتہ کاٹ کر سنٹر کا آغاز کیا۔ اس موقع پر علاقے کے عمائدین، نوجوانوں اور کھیلوں کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی واسع اللہ قادری نے کہا کہ آج کے دور میں نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل اور فٹنس جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی سکون اور برداشت پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مراکز معاشرے کو ایک مثبت سمت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور فضل ہادی کی یہ کاوش یقینا قابل تعریف ہے۔اکیڈمی کے بانی فضل ہادی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس باکسنگ اینڈ فٹنس اکیڈمی کا مقصد نوجوانوں کو نشے اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر ایک صحت مند اور توانا معاشرہ تشکیل دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر میں جدید تربیتی سہولیات اور باقاعدہ فٹنس گائیڈنس فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوان اپنی توانائی کو مثبت انداز میں استعمال کر سکیں۔شرکا تقریب کا کہنا تھا کہ گاں بادیزئی میں فٹنس اور کھیلوں کے حوالے سے یہ پہلا باقاعدہ سنٹر ہے جس سے علاقے کے درجنوں نوجوان مستفید ہوں گے۔ نوجوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صحت بہتر بنانے کے لیے باقاعدگی سے سنٹر میں تربیت حاصل کریں گے۔علاقے کے عمائدین نے بھی فضل ہادی کی اس کوشش کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا بلکہ گاؤں میں کھیلوں کا رجحان بھی فروغ پائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے نجی سطح پر شروع کیے گئے منصوبوں کی سرپرستی کی جائے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ مواقع فراہم ہو سکیں۔خلیل پروفیشنل باکسنگ اینڈ فٹنس اکیڈمی کے قیام کو مقامی سطح پر ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جو آنے والے وقت میں نوجوانوں کے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔