
میچ کے ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدنی اور تشہیری رقم سیلاب زدگان کی امداد پر خرچ ہوگی
پشاور: بونیر میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے قومی کرکٹرز پر مشتمل چیرٹی ٹی 20کرکٹ میچ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میچ میں سابق اور موجودہ قومی کھلاڑیوں بشمول شاہد آفریدی اور یونس خان حصہ لیں گے۔ کرکٹ میچ کے لیے فروخت ہونے والے ٹکٹوں اور تشہیری رقم کو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔ یہ میچ پشاور کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم (ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم) میں کھیلا جائے گا۔ اس حوالے سے کرکٹ میچ کی تاریخ، انتظامات، سیکورٹی اور ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ڈاکٹر تاشفین حیدر، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم، جنرل منیجر ٹورازم سردار بہادر، ایس ایس پی کوآرڈینیشن خان زیب مہمند، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر جمشید بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کرکٹ میچ کے لیے مناسب تاریخ کے انتخاب، عوامی شرکت کو بڑھانے، ٹکٹوں کی فروخت اور زیادہ سے زیادہ فنڈز جمع کرنے کے لیے تجاویز طلب کی گئیں۔ ان تجاویز کی روشنی میں ایک مکمل منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ میچ کے دوران عوامی دلچسپی بڑھانے کے لیے مشہور فنکاروں، گلوکاروں اور دیگر شخصیات کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ فنڈز کی وصولی کے ساتھ تفریح کا بھی انتظام کیا جا سکے۔ کرکٹ میچ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تین روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ حکام کو مکمل تیاری کے ساتھ شرکت کی ہدایات دی گئی ہیں۔