
عاصم شیراز
پشاور: ایشین لیکراس چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی مرد و خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز منعقد ہوئے جن میں کھلاڑیوںنے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پرکاشف فرحان ریجنل سپورٹس آفیسر پشاورمہمان خصوصی سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایاگیا۔پاکستان لیکراس فیڈریشن کی نگرانی میں صوبائی ایسوسی ایشنز کے تعاون سے یہ ٹرائلز پشاور سمیت مختلف شہروں میں منعقد کئے گئے جہاں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان لیکراس فیڈریشن کے سیکریٹری طیفور زرین کے مطابق ٹرائلز کے پہلے مرحلے کے بعد قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ آئندہ چند دنوں میں شروع کردیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کو ایشین لیکراس چیمپئن شپ کے لیے بہترین تیاری فراہم کی جاسکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ قومی ٹیم کے لیے حتمی انتخاب 25 اگست کو عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں ہونے والے ٹرائلز کے دوران کیا جائے گا جہاں ملک بھر سے منتخب کھلاڑی شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ آئندہ ماہ سعودی عرب میں ہونے والی ایشین لیکراس چیمپئن شپ میں پاکستان کی مرد و خواتین ٹیمیں پہلی بار بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کریں گی اور ان مقابلوں کو پاکستان میں لیکراس کھیل کی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔