
الجنت ٹائیگرزنے دلچسپ مقابلے کے بعد فائنل اپنے نام کرلیا
ہمایون خان
پشاور: فرنٹیئرپرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کی جانب سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ”معرکہ حق جشن آزادی کرکٹ لیگ” کا انعقاد کی گیا۔ جس کا پہلا نمائشی میچ گذشتہ روز میر ویس کرکٹ اکیڈمی شاہ عالم میں شاندار جوش و خروش کے ساتھ کھیلا گیاتھا۔اس ٹورنامنٹ میں 8ٹیموں نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔ فائنل میں الجنت ٹائیگرز نے پشاور ایکسپریس کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹ سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔پشاور ایکسپریس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں47 رنز بنائے جس کے جواب میں الجنت ٹائیگرز نے مقررہ حدف بڑی آسانی کے ساتھ پورا کیا اور فائنل جیت لیا۔ فاتح ٹیم کے ہیڈ کوچ منظور احمد نے اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اور اچھی کارکردگی دکھانے پر ٹیم کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ جس سے ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ کا شکریہ ادا کیا۔ ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی الحاج اعجاز ایم پی اے تھے جنہوں نے فائنل میں فاتح ٹیم کو ٹرافی اور رنر اپ کو انعامات سے نوازا۔ فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کے صدر ظفر خٹک اور جنرل سیکرٹری سلیم الرحمن ہمدرد نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ٹورنامنٹ کو کامیاب بنایا۔میچ کے اختتام پرایسوسی ایشن کے صدر ظفر خٹک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔پریس مارکیٹ کے نوجوانوں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پہلی بار یہ چار روزہ کرکٹ لیگ منعقد کیا گیا تھا جو کہ شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔ میچ میں تمام سرپرست اعلیٰ ، ممبرز اور دکانداران نے بھر پور حصہ لیا۔ اسی طرح ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلیم الرحمن ہمدرد نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بڑے دوستانہ ماحول میں یہ چار روزہ ٹورنامنٹ کھیلا گیا۔ جس میں خیبرسکین فائٹر، رائل چیلنج، انصاف فالکن، الجنت ٹائیگر، لگان وارئیر، پشاور ایکسپریس، کے الیون نے حصہ لیا انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ہمارے پاس پریس مارکیٹ میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو نہ صرف مقامی بلکہ صوبائی سطح پر بھی بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ٹورنامنٹ کے کمیٹی ممبران مشتاق احمد خلیل، مراد حسین، تحسین اللہ، ابراہیم، ضیاء الدین، لیگل ایڈوائزر محمد طاہر ایڈوکیٹ اور انفارمیشن سیکرٹری ہمایون خان کی زیر نگرانی تمام انتظامات مکمل کئے گئے ۔جس میں کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی۔