
شکیل الرحمان
پشاور : پاکستان شاہینزنے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اپنے تیسرے میچ میں میلبرن رینی گیڈز کو 73رنز سے شکست دے دی ۔ اس میچ کی نمایاں بات عبدالصمد کی شاندار ناقابل شکست سنچری تھی۔یہ پاکستان شاہینز کی تین میچوں میں دوسری کامیابی ہے۔اس نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 79رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں اسے پرتھ سکارچرز کے خلاف 2وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پیر کے روز کھیلے گئے میچ میں میلبرن رینی گیڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنائے۔

میلبرن رینی گیڈز کی ٹیم 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں19اعشاریہ 2اوورز میں 105رنز بناکر آٹ ہوگئی۔پاکستان شاہینز کی اننگز میں دونوں اوپنرز یاسرخان اور خواجہ نافع بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔ محمد فائق 21 اور معاذ صداقت 4رنز بناکر آوٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا سکور 4وکٹوں پرصرف 55رنز تھا۔اس موقع پر عبدالصمد نے ایک بار پھر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63گیندوں پر 6چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے110 رنز ناٹ آٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس نے اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی۔ انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف بھی جارحانہ نصف سنچری بنائی تھی۔ عبدالصمد اور کپتان محمد عرفان خان نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 109رنز کا اضافہ کیا۔ عرفان خان ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے23رنز بناکر آوٹ ہوئے۔میلبرن رینی گیڈز کے بیٹرز پاکستان شاہینز کے بولرز کا مقابلہ کرنے سے قاصر رہے۔ جوشوآ بران ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 36 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔معاذ صداقت نے 22رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔فیصل اکرم نے دو جبکہ مبصر خان سعد مسعود وسیم جونیئر اورعبید شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔پاکستان شاہینز اپنا چوتھا میچ منگل 19اگست کو کنگزمین کے خلاف کھیلے گی۔