
ہمایون خان
پشاور: پاکستان سپورٹس بورڈ کی ہدایات اور مقررہ معیار کے مطابق پہلی یوتھ گیمز 2025ء کے سلسلے میں خیبر پختونخوا تائیکوانڈو ایسوسی ایشن نے مرد و خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے ٹرائلز 19 اگست 2025ء کو صبح 8 بجے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے۔وقار آفریدی سیکرٹری خیبر پختونخوا تائیکوانڈو ایسوسی ایشن نے کہا کہ ٹرائلز میں صرف وہی کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہوں گے جن کی تاریخ پیدائش 2009 یا 2010 ء ہو جبکہ عمر میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ قومی شناختی کارڈ، فارم ب یا پیدائش کے سر ٹیفکیٹ کے ساتھ مقررہ وقت پر پہنچیںتاکہ ٹرائلز کا عمل بروقت، منظم اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔ان ٹرائلز کا مقصد بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے جو بعد ازاں 1stیوتھ گیمز 2025ء میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کریں گے۔ یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی مہارت، عزم اور محنت کو نمایاں کرنے کا سنہری موقع فراہم کرے گا۔وقار آفریدی نے مزید کہا کہ تائیکوانڈو کھیل کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لیے خیبر پختونخوا تائیکوانڈو ایسوسی ایشن ہر ممکن اقدامات جاری
رکھنے کا عزم رکھتی ہے ۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے پرجوش انداز میں ٹرائلز میں شرکت کی اپیل کی۔تاکہ کے پی تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔