
پشاور: (ہمایون خان سپورٹس/کلچر رپورٹر) فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کی جانب سے تاریخ میں پہلی مرتبہ معرکہ حق جشن آزادی کرکٹ لیگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پریس مارکیٹ میں کام کرنے والے افراد ہنرمندوں اور مالکان نے خصوصی ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ٹوٹل 8 ٹیموں نے حصہ لیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا نمائشی میچ 14 اگست 2025ء کو صبح 11 بجے شاہ عالم میں شروع ہوگا۔

ایسوسی ایشن کے صدر ظفر خٹک نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اس پر فخر ہونا چاہیے ہم نے بازار میں اور ٹورنامنٹ کے مقام پر قومی پرچم لگانے کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہ پشاور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پریس مارکیٹ کے نوجوانوں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے چار روزہ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا ہے۔ جو کہ 14 اگست سے 17 اگست تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں روزانہ چار میچ ہونگے۔ جو کہ 14 اگست سے شروع ہوگا اور فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔ اسی طرح جنرل سیکرٹری سلیم الرحمن نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں نے بھرپور انداز میں اور جوش و خروش سے حصہ لیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں خیبر سکین فائٹر، رائل چیلنج، انصاف فالکن، الجنت ٹائیگر، لگان وارئیر، پشاور ایکسپریس، کے کے الیون سمیت 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ سلیم الرحمن ہمدرد نے کہا کہ الحمد اللہ ہمارے پریس مارکیٹ میں قابل اور انتہائی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کے سرپرست اعلیٰ حاجی فخر الزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ظفر خٹک کی قیادت میں خصوصی ریلی بھی نکالی جائے گی جبکہ صدر ظفر خٹک، جنرل سیکرٹری سلیم الرحمن ہمدرد، مشتاق احمد خلیل، مراد حسین، تحسین اللہ، ابراہیم، ضیاء الدین، لیگل ایڈوائزر محمد طاہر ایڈوکیٹ کی زیر نگرانی میں ٹورنامنٹ کے لیے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح ٹیموں کو ٹرافی اور نقد انعامات دیئے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد صوبائی سطح پر پریس مارکیٹوں کی سطح پر ٹورنامنٹ کے اہتمام کئے جائیں گے۔