
ََُشاہد آفریدی
پشاور: قومی اور بین الاقوامی سطح پر سکواش کے میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی علی سسٹرز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی محنت جاری رکھیں گی اور وطن عزیز پاکستان کے لئے مزید گولڈ میڈلز بھی حاصل کریں اور سکواش کی عالمی درجہ بندی میں بہتری لائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفت گو میں کیا۔ اس موقع پر سحرش علی اور ماہ نور علی کے والد حنیف خان بھی موجود تھے۔

علی سسٹرز نے پاک چین دوستی کے مرکز چائنہ ونڈو کو مثالی سنٹر قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ پاک چین دوستی مزید فروغ پائے گی اور دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے تعلقات بھی استوار ہوں گے اور دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کو اپس میں کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے اس موقع پر سحرش علی نے بتایا کہ وہ پاکستان اور بیرون ملک سونے کے تمغے جیت چکی ہیں وہ چاہتی ہیں کہ عالمی درجہ بندی میں وہ نمایاں مقام حاصل کریں اور پاکستان کے لئے مزید کامیابیاں حاصل کریں۔ماہ نور علی نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان سمیت کئی ممالک میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیتے ہیں اور اب تج سونے کے بیس تمغے اپنے نام کئے ہیں وہ چاہتی ہیں کہ ایک دن عالمی چیمپئین بن کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم دنیا بھر میں بلند کریں۔علی سسٹرز کے والد حنیف خان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی بیٹیوں پر فخر ہے جو وطن عزیز کے لئے بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان سکواش فیڈریشن اور صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے تعاون سے وہ مستقبل میں بھی شاندار پرفارمنس دیں گی۔ حینف خان نے چائنہ ونڈو کو ایک انتہائی متاثر کن اور پاک چین دوستی کا قابل ذکر مرکز قرار دیا اور کہا کہ پاک چین دوستی بلا شبہ سمندروں سے گہری ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔