
Pakistani players celebrate winning match
شکیل الرحمان
پشاور: برائن لارا اسٹیڈیم ٹرینیڈاڈ میں پاکستان نے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے حسن نواز کی ناقابل شکست 63رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے ہدف مکمل کرکے 0-1کی برتری حاصل کرلی۔ چھ سال بعد ٹیم میں کم بیک کرنے والے حسین طلعت نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں حسن نواز کا بھرپور ساتھ دیا اور چھٹی وکٹ کی پارٹرنرشپ میں 104رنز بنے۔ حسین طلعت 41رنز پر ناٹ آوٹ رہے واضح رہے کہ حسین طلعت کی ایک روزہ میچوں میں آمد 22جنوری 2019ء کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوئی تھی اس میچ میں حسین طلعت نے دو رنز بنائے تھے اس کے بعد انٹرنیشنل میچوں کے دروازے ان پر بند ہوگئے تھے۔

اور چھ سال بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف دوبارہ انکو موقع دیا گیا جس میں ان کارکردگی دیکھ کر افسوس ہوا کہ اس باصلاحیت کھلااڑی کے چھ سال ضائع کردئیے گئے۔ دوسری جانب اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے حسن نواز نے 54گیندوں پر 63رنز بنائے اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ انکی اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔پاکستان کی اننگز ویسٹ انڈیز کے 281 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اوپنر صائم ایوب صرف 5رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن پھر عبداللہ 29 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بابر بھی 47 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ بابر اعظم کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 55رنز بنے۔ کپتان محمد رضوان نے بھی نصف سنچری سکور کی اور 53 رنز پر آوٹ ہوئے۔جس میں چار چوکے شامل تھے۔ 5 وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان حسن نواز اور حسین طلعت نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 49 ویں اوور میں ہدف پورا کرکے ٹیم کو کامیابی دلوائی۔

حسن نواز 63 اور حسین طلعت 41 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 41 رنز بنائے۔ پاکستان نے مطلوبہ 281رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ میچ سے قبل ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے حسن نواز کو ون ڈے ڈیبیو کیپ دی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف نے 2، سیلز، موتی اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ لی۔ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ ایون لوئس 60، کپتان شائے ہوپ 55 اور روسٹن چیز 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیںنسیم شاہ نے 3جبکہ صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔