
فرحان خلیل
پشاور: ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا بیڈمنٹن اکیڈمی کے زیر اہتمام انٹر اکیڈمی آزادی ٹورنامنٹ کا آغاز پشاور سپورٹس کمپلیکس کے طارق موجود ہال میں شروع ہوگیا۔ دو روزہ ٹورنامنٹ میں انڈر 12اور انڈر 15کی کیٹیگریز میں مختلف اکیڈمیوں سے تعلق رکھنے والے 50سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح ارگنائزنگ سیکرٹری و کوچ حیات اللہ نے کیا جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے جشن کے سلسلے میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

دو روز تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے دوران مختلف اکیڈمیوں کے کھلاڑی اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مستقبل میں صوبائی و قومی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے دوران والدین، اسپورٹس شائقین اور کوچز کی بڑی تعداد بھی موجود رہی جنہوں نے کھلاڑیوں کے جذبے اور کھیل کے معیار کو سراہا۔