
انڈر-16کھلاڑیوں کی شرکت اعلی کارکردگی دکھانے والوں کو اسلام آباد میں نمائندگی ملے گی

فرحان خلیل
پشاور:آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے آل پاکستان یوتھ گیمز کے لیے خیبرپختونخوا کی ایتھلیٹکس ٹیم کے ٹرائلز 9 اگست بروز جمعہ کو حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوں گے۔ یہ ٹرائلز صبح 9 بجے شروع ہوں گے جن میں صوبے بھر سے انڈر-16 میل اور فیمیل ایتھلیٹس حصہ لے سکیں گے۔اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر اور ہیڈ کوچ عابد ناظم نے بتایا کہ یہ ٹرائلز پاکستان سپورٹس بورڈ (PSB) اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے یوتھ گیمز کے لیے ٹیم کی تیاری کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ان کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی جن کی تاریخِ پیدائش 2009 میں ہو۔عابد ناظم نے مزید بتایا کہ ٹرائلز کی نگرانی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں چیف کوچ جعفر شاہ، ہیڈ کوچ عابد ناظم، زعفران آفریدی، عدنان خان اور فیمیل کوچ بشری شامل ہیں۔ ٹرائلز میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کو فارم B، ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ، CNIC یا اس کی کاپی اور حالیہ تصاویر ہمراہ لانا لازمی ہوگا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑی یوتھ گیمز میں بھی قائداعظم گیمز کی طرح شاندار کارکردگی دکھائیں گے اور صوبے کا نام روشن کریں گے۔یاد رہے کہ یوتھ گیمز کا انعقاد اگلے ماہ اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں متوقع ہے جس میں ملک بھر کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی شرکت کریں گے۔