
نیشنل جونیئر اور یوتھ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کوہاٹ میں نومبر کے مہینے میں منعقد کرنے کا اعلان
عاصم شیراز
پشاور: میں خیبر پختونخوا ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس صدر سید ظہیر الاسلام شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری انجینئر سیف الاسلام آفریدی، محمد اقبال، مشرف خان کے علاوہ کابینہ کے اراکین، مختلف اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریز، کوچز اور ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس خیبر پختونخوا کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں سب سے نمایاں فیصلہ نیشنل جونیئر اور یوتھ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کوہاٹ میں اسی سال نومبر کے مہینے میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس ضمن میں پانچ رکنی کمیٹی بنائی گئی جو ڈائریکٹوریٹ سپورٹس اور ایتھلیٹکس فیڈریشن کیساتھ چمپئین شپ کو منعقد کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔اجلاس میں ہر ضلع کی سطح پر ایتھلیٹکس اکیڈمیز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کھلاڑیوں کو قومی و عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ایک ویب سائٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں تمام موجودہ ایتھلیٹس، سینئرز ، کوچز و آفیشلز کا ڈیٹا اپلوڈ کیا جائے گا اور انکی سپانسرز تک رسائی ممکن بنائی جائے گی۔ کوچز کو مزید مراعات دینے اور ان کی مہارت میں اضافہ کرنے کے لیے ٹریننگ کورسز کا اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں سکول سطح پر کڈز ایتھلیٹکس ایونٹس اور کوچنگ شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔یہ اجلاس خیبر پختونخوا میں ایتھلیٹکس کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے جسکے دور رس نتائج مرتب ہونگے۔آخر میں شرکانے پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے چئیرمین جنرل اکرم ساہی ، صدر بریگیڈیئر وجاہت اور تمام فیڈریشن ممبران پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انکے سپورٹ کا شکریہ ادا کیا۔